سرینگر:30/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیر کے کلگام میں پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا ہے،حملے میں 6شہریوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کچھ دہشت گردوں نے پولیس تھانہ دھامل ہنجپورا پر گرینیڈ پھینکا جو ہدف سے چوک گیا اور سڑک کے کنارے پھٹا،زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔کچھ زخمیوں کی شناخت کلگام کے عیاذ بھٹ، ندی مارگ کے سبذار احمد اور بگیارڈ کے بی پورا کے بلال احمد کھٹانا کے طور پر ہوئی ہے۔واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو پکڑنے کے لئے تلاش آپریشن چلایا ہے۔دہشت گردوں نے ہفتہ یعنی 26جنوری کو بھی اپنی ناپاک کرتوتوں کو انجام دیا تھا،دہشت گردوں نے کشمیر وادی کے پلوامہ کے پپور اور کھانمو علاقے میں حملے کئے تھے۔اس دوران سیکورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو مار گرایا۔ہلاک دہشت گردوں کے پاس سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمینشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد جیش محمد کے تھے۔یہ دہشت گرد یوم جمہوریہ پر کسی بڑی واردات کو انجام دینے کی فراق میں تھے۔یوم جمہوریہ کے دو دن پہلے یعنی جمعرات کو پاکستان نے پونچھ، راجوری سیکٹر اور سدربنی سیکٹر سمیت لائن آف کنٹرول سے ملحق 4مقامات پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔پاکستان کی جانب سے چھوٹے آرمس سے فائرنگ کی گئی تھی اور مارٹر سے گولے داغے گئے تھے۔ہندوستانی فوج نے بھی فائرنگ کا جواب دیا تھا۔